
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں موجود سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کیخلاف درخواستیں خارج اور مسترد کر دیں۔
ہائیکورٹ میں سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف اعتزاز احسن سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت جسٹس شاہد کریم نے کی جس دوران درخواست گزار اور سرکاری وکیل پیش ہوئے۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت میں یہ مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت کا سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹ کرنے کا اقدام قانون کے منافی ہے، اسکولوں کے پرائیویٹ ہونے سے فیسوں میں اضافہ ہو جائے گا۔
درخواست گزار نے اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ غریب کے بچے سرکاری اسکولز کی بنیادی تعلیم سے محروم ہو جائیں گے۔
اس موقع سرکاری وکیل نے بھی عدالت میں دلائل دیے کہ بند سرکاری اسکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے، آؤٹ سورس اسکولز بھی پنجاب حکومت کے زیر رہیں گے۔