
اسلام آباد: رہنما جے یو آئی حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ حکومت فیصلہ کرلےمدارس بل پر، اور وہ جلد فیصلہ کرلے تو بہتر ہے، یہ نا ہو کہ دیر ہو جائے۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمداللہ نے کہا کہ مدارس بل کے معاملے میں حکومت اخلاقی، سیاسی، قانونی طورپر ہارچکی ہے، تنظیمات مدارس اور جے یو آئی کو مدارس رجسٹریشن بل میں کوئی ترمیم قبول نہیں ہے۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا لہٰذا اس کاگزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، یہی جے یو آئی اور تنظیمات مدارس کا حکومت سے مطالبہ ہے۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کا تقاضا ہے کہ پارلیمنٹ کا منظورکردہ بل تسلیم کیا جائے، گیند اب بھی حکومت کی کورٹ میں ہے، اب بھی وقت ہےحکومت فیصلہ کرے ورنہ دیر ہو جائے گی۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کے فیصلے فیٹف کے حوالے نہ کریں یا پھر قوم کو بتادیں ایوان میں فیصلےعوام کی نہیں فیٹف کی مرضی سےہوں گے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ نے 26 ویں ترمیم میں مدارس سے متعلق جے یو آئی کا تجویز کردہ بل منظور کیا تھا مگر بعد ازاں صدر نے بل پر اعتراض کر کے اسے واپس بھیج دیا تھا۔